اٹلی کی مینز کرکٹ ٹیم نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ یورپ ریجن فائنل کے آخری مرحلے میں اگرچہ اٹلی کو نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر کے وہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ اٹلی اس میچ سے قبل تین میچوں میں پانچ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست تھا۔ انہیں صرف اتنا یقینی بنانا تھا کہ وہ بڑے مارجن سے شکست نہ کھائیں، کیونکہ اس صورت میں جرسی کی ٹیم نیٹ رن ریٹ پر ان سے آگے نکل سکتی تھی۔ میچ میں اٹلی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 134 رنز بنائے۔ بین مانینتی 30، گرینٹ اسٹیورٹ 25، ہیری مانینتی 23 اور کپتان جو برنز 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے روئلوف وین ڈیر میرو نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کائل کلین نے دو اور آریان دت نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں نیدرلینڈز نے 135 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 21 گیندیں پہلے ہی حاصل کر لیا۔ اوپنر میکس او ڈاؤڈ 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جب کہ کپتان ایڈورڈز نے 37 اور مائیکل لیوٹ نے 34 رنز بنائے۔ اٹلی کی جانب سے واحد وکٹ کرشان کلواگاماجے نے حاصل کی۔ اگرچہ ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، مگر بولرز کی بہتر کارکردگی کی بدولت نیدرلینڈز کو بڑے مارجن سے جیتنے سے روک دیا گیا، جو کہ کوالیفیکیشن کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوا۔ اب اٹلی کی ٹیم اگلے سال بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کرے گی جو کہ اٹلی کی کرکٹ کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔







Discussion about this post