بین الاقوامی بیوٹی پیجینٹس کی چمک دمک کے پیچھے چھپے دباؤ، سیاست اور استحصالی رویوں کی ایک اور جھلک اس وقت سامنے آئی جب بھارت کی پہلی مس گرینڈ انٹرنیشنل ریچل گپتا سے ان کا تاج واپس لے لیا گیا یا جیسا کہ وہ خود کہتی ہیں، انہوں نے خود لوٹایا۔
تنازع کی 2 کہانیاں: آرگنائزیشن بمقابلہ ریچل
مس گرینڈ انٹرنیشنل آرگنائزیشن نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ریچل نے اپنی ذمہ داریاں درست طور پر ادا نہیں کیں۔ ان پر بغیر اجازت دیگر پروجیکٹس میں شامل ہونے اور گواٹے مالا کے سرکاری دورے سے انکار جیسے الزامات عائد کیے گئے، جس کے نتیجے میں ان کا تاج واپس لے لیا گیا۔ تاہم، ریچل نے انسٹاگرام پر جاری ایک جذباتی بیان میں انکشاف کیا کہ انہوں نے یہ فیصلہ خود لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ:
“مس گرینڈ انٹرنیشنل بننا میرا خواب تھا، مگر تاج حاصل کرنے کے بعد مجھے وعدہ خلافیوں، بدسلوکی اور ایک زہریلے ماحول کا سامنا کرنا پڑا، جسے میں مزید خاموشی سے برداشت نہیں کر سکتی۔”
ریچل نے وعدہ کیا ہے کہ وہ جلد ایک تفصیلی ویڈیو جاری کریں گی، جس میں وہ "اصل کہانی” بیان کریں گی۔
نئے تاج کی وارث کون؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق، فلپائن سے تعلق رکھنے والی فرسٹ رنر اپ سی جے اوپیازا کے تاج سنبھالنے کے قوی امکانات ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں اس مقابلے کے تنقیدی جائزے کا ایک نیا باب کھول سکتی ہیں۔
تنازع پر تنازع
چند روز قبل ہی مس انگلینڈ 2025، میلا ماگی نے مس ورلڈ انڈیا مقابلے پر تنقید کرتے ہوئے اسپانسرز کے استحصالی رویے اور لباس سے متعلق دباؤ کو اجاگر کیا تھا۔ ایسے میں ریچل گپتا کا واقعہ بین الاقوامی بیوٹی پیجینٹس میں جاری اندرونی کشمکش اور طاقت کے توازن پر سوالیہ نشان کھڑا کر رہا ہے۔
Discussion about this post