پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں 89 مقامی کھلاڑی مختلف گروپس میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ اس بار پلاٹینم کیٹیگری میں 16 کھلاڑی شامل ہیں، جبکہ کئی اسٹار کھلاڑیوں کو ڈائمنڈ یا پلاٹینم کی سطح پر ترقی دی گئی ہے۔ ڈائمنڈ سے پلاٹینم کیٹیگری میں سلمان علی آغا، حسن علی، محمد نواز اور ابرار احمد کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، جب کہ صاحبزادہ فرحان گولڈ کیٹیگری سے پلاٹینم میں شامل ہو گئے ہیں۔ موجودہ اسٹارز جیسے بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، فخرزمان، صائم ایوب، نسیم شاہ، حارث رؤف اور شاداب خان پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار ہیں۔ ڈائمنڈ کیٹیگری میں کل 11 کھلاڑی شامل ہیں، جن میں محمد وسیم جونیئر، سفیان مقیم اور سلمان مرزا کو گولڈ سے ڈائمنڈ میں ترقی دی گئی ہے۔

گولڈ کیٹیگری میں اس ایڈیشن کے لیے 32 کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں، جبکہ سلور اور ایمرجنگ کیٹیگری میں مجموعی طور پر 30 کھلاڑی کھیلیں گے۔ ہر فرنچائز آکشن سے پہلے اپنی ٹیم میں کل چار کھلاڑی برقرار رکھ سکے گی، اور ہر کیٹیگری سے ایک کھلاڑی کو برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی۔ پاکستان سپر لیگ کا پہلا اور تاریخی پلیئرز آکشن 11 فروری کو ہوگا، اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کی تاریخ کو بڑھا کر 3 فروری تک کر دیا گیا ہے تاکہ تمام ٹیمیں اپنی لائن اپ مکمل کر سکیں۔







Discussion about this post