پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے ایک بار پھر دنیا کو اپنی دھوم میں لے لیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اسپورٹس کی تازہ رپورٹ کے مطابق، عالمی کرکٹ کی سب سے زیادہ سنسنی خیز اور تفریح فراہم کرنے والی لیگوں میں پی ایس ایل اب صرف بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے پیچھے ہے۔
بی بی سی نے کرکٹ اینالیسس کمپنی کریک وِز کے ساتھ مل کر ٹی ٹوئنٹی اور دیگر شارٹ فارمیٹ کی عالمی فرنچائز لیگوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس فہرست میں آئی پی ایل، جنوبی افریقہ کی ایس اے 20، آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ، کیریبین پریمیئر لیگ، یو اے ای کی آئی ایل ٹی 20 اور انگلینڈ کی دی ہنڈرڈ بھی شامل تھیں۔

رپورٹ میں صرف جیت یا ہار نہیں بلکہ کرکٹ کے تفریحی معیار کے کئی پہلو جانچے گئے جیسے فی میچ چوکے اور چھکوں کی اوسط، بیٹنگ اسٹرائیک ریٹ، میچ کا آخری لمحوں میں فیصلہ، ہوم ایڈوانٹیج کا اثر، وکٹیں لینے کے رجحانات اور ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کے بین الاقوامی تجربے کی اوسط۔
نتائج حیران کن رہے:
-
پہلی اننگز میں سب سے زیادہ اوسط اسکور کا اعزاز 180 رنز کے ساتھ پی ایس ایل کے پاس گیا، جو آئی پی ایل (179) سے بھی آگے ہے۔
-
27.5 فیصد میچز کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا, یہ سنسنی خیزی میں پی ایس ایل کو دوسرے نمبر پر لے آیا، صرف آئی پی ایل (28.9%) اس سے آگے رہا۔
-
چوکے اور چھکوں کی برسات میں بھی پی ایس ایل کا دوسرا نمبر۔
-
بین الاقوامی تجربے میں 351 انٹرنیشنل کیپس کے ساتھ پی ایس ایل دوسری پوزیشن پر رہی، جس میں دنیا بھر کے نامور کھلاڑیوں کی شمولیت شامل ہے۔
"انٹرٹینمنٹ انڈیکس” میں، جس میں تمام عوامل کا مجموعی اسکور شامل کیا گیا، آئی پی ایل نے 5 میں سے 4.53 پوائنٹس کے ساتھ پہلا، جبکہ پی ایس ایل نے 3.90 پوائنٹس کے ساتھ شاندار دوسرا نمبر حاصل کیا۔رپورٹ کے مطابق، پی ایس ایل کی پہچان تیز رفتار کھیل، بڑے اسکور، اور سنسنی خیز مقابلے ہیں۔ یہ لیگ نہ صرف دنیا کے بہترین کرکٹرز کو اپنی جانب کھینچتی ہے بلکہ پاکستان کے ابھرتے ستاروں کو بھی عالمی سطح پر چمکنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

2016 میں آغاز کے بعد سے پی ایس ایل نے چند ہی سالوں میں عالمی کرکٹ کیلنڈر میں اپنی مضبوط اور منفرد شناخت قائم کر لی ہے۔ چھ شہروں کی نمائندگی کرنے والی ٹیموں کی یہ لیگ اب کرکٹ کی دنیا کا وہ جشن ہے جس کا ہر میچ شائقین کے دلوں کی دھڑکنیں تیز کر دیتا ہے۔







Discussion about this post