پاکستان سپر لیگ کی درخشاں فرنچائز لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے حالیہ کامیابی کی خوشی میں پی ایس ایل ٹرافی کے ساتھ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کا دورہ کیا، جو خیرسگالی اور کھیل کے ذریعے سفارتی تعلقات کو فروغ دینے کی شاندار مثال بن گیا۔ یہ دورہ ٹرافی ٹور کا حصہ تھا جس کے دوران عاطف رانا نے امریکی سفارتخانے کی نمائندہ چارج ڈی افیئرز نیٹلی اے بیکر سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر لاہور قلندرز کی نمائندہ ٹیم، یو ایس ایمبیسی کی کرکٹ ٹیم، کرکٹ شائقین اور کمیونٹی ارکان بھی موجود تھے۔ عاطف رانا نے نیٹلی بیکر کو لاہور قلندرز کی دستخط شدہ جرسی پیش کی، جو ایک یادگار تحفے کے طور پر انہیں دی گئی۔ جواباً نیٹلی بیکر نے لاہور قلندرز کی ٹیم، ان کے جذبے اور خاص طور پر سنسنی خیز فائنل میں دی گئی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خود قذافی اسٹیڈیم میں ٹیم کے دو میچز براہِ راست دیکھے اور اسٹیڈیم کا جوش و خروش ان کے لیے ایک ناقابلِ فراموش تجربہ رہا۔
نیٹلی بیکر نے کہا:
"بطور امریکی، میں بیس بال کے ماحول میں پلی بڑھی ہوں، مگر کرکٹ کا جذبہ، جوش اور شوق واقعی متاثر کن ہے۔ اب جبکہ کرکٹ اور بیس بال دونوں کھیل اولمپکس کا حصہ بن چکے ہیں، یہ کھیل دنیا بھر میں دوستی اور روابط بڑھانے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔”
عاطف رانا نے امریکی سفارتخانے کی کرکٹ میں بڑھتی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا:
"یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ کرکٹ امریکی دوستوں کے دل جیت رہی ہے۔ نیٹلی بیکر اب قلندرز فیملی کا حصہ ہیں، کیونکہ ہم کہتے ہیں: جو ایک بار قلندر بنا، وہ ہمیشہ کے لیے قلندر ہوتا ہے۔”
قابلِ ذکر ہے کہ لاہور قلندرز پی ایس ایل کی کامیاب ترین ٹیموں میں شامل ہے، جو گزشتہ 4 سالوں میں 3 بار ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے، اور 2022 و 2023 میں مسلسل چیمپئن بننے کا منفرد اعزاز بھی رکھتی ہے۔
Discussion about this post