پاکستان کی قومی اسمبلی نے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ امریکی سول رائٹس رہنما ریورنڈ جیسی لوئز جیکسن سینئر کو ان کی انسانیت دوستی، شہری حقوق کے لیے جدوجہد اور عالمی امن کے فروغ کے لیے خدمات پر ایک ستائشی اعلامیہ جاری کیا۔ یہ ستائشی اعلامیہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایک باوقار تقریب میں ریورنڈ جیکسن کے صاحبزادے اور امریکی کانگریس کے رکن جوناتھن لوئس جیکسن کو پیش کیا۔ یہ تقریب پاکستان کے دورے پر آئے امریکی اراکینِ کانگریس کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے دوران منعقد ہوئی۔
اس عشائیہ میں امریکی کانگریس کے اراکین ٹام سواسی، جیک برگ مین اور جوناتھن لوئس جیکسن شریک ہوئے، جبکہ امریکی چارج ڈی افیئرز نیتھلی اے بیکر، ممتاز پاکستانی نژاد امریکی ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید اور ممتاز کاروباری شخصیت شاہد خان نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے دوران طاہر جاوید نے قومی اسمبلی کی جانب سے جاری کردہ ستائشی اعلامیہ پڑھ کر سنایا، جس میں ریورنڈ جیسی جیکسن کی انسانیت، امن اور شہری آزادیوں کے لیے طویل جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ رکن کانگریس جوناتھن جیکسن نے اپنے والد کی جانب سے یہ اعزاز قبول کیا اور پاکستان کی محبت اور احترام پر اظہارِ تشکر کیا۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ریورنڈ جیکسن کو انصاف، امن اور انسانی وقار کی علامت قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ریورنڈ جیکسن کی غیر متزلزل جدوجہد اور انسان دوست سفارتکاری آج بھی دنیا بھر کے عوام خصوصاً پاکستانیوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کانگریس میں پاکستان کی حمایت پر کانگریس کے اراکین کا شکریہ ادا کیا، کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ خوشگورا تعلقات کے فروغ کے لیے پر عزم ہے، پارلیمانی رابطوں کا فروغ جمہوریت کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الپارلیمانی روابط دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔
Discussion about this post