پاکستان نے بنگلادیش کی سابق وزیرِاعظم بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مرحومہ کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا اور ان کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کی مخلص دوست تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام بنگلادیش کے ساتھ ہیں اور مرحومہ کے اہل خانہ اور عوام کے لیے دعائیں ہیں۔ وزیر اعظم نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ خالدہ ضیاء کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ واضح رہے کہ بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم خالدہ ضیاء 80 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ بنگلادیش نیشنل پارٹی کے مطابق ان کا انتقال دارالحکومت ڈھاکا کے اسپتال میں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے ہوا۔ خالدہ ضیاء بنگلادیش کے سابق صدر ضیاء الرحمان کی اہلیہ تھیں اور طویل عرصے سے کئی بیماریوں کا شکار تھیں۔








Discussion about this post