ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہدا نہایت عقیدت و احترام، جوش و جذبے اور ولولۂ ایمان کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوا، جس نے پوری قوم کو اپنے بہادر شہیدوں کی یاد اور مادرِ وطن کی حفاظت کے عہد کی تجدید دلائی۔ اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہدا کے اہلِ خانہ بھی موجود تھے جنہیں پاک بحریہ کی جانب سے خصوصی طور پر پھول پیش کیے گئے، یہ منظر شہدا کی قربانیوں کو سلام اور ان کے اہلِ خانہ کے حوصلے کو خراجِ تحسین تھا۔ کراچی میں بابائے قوم کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار خان تھے۔ پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے دستے نے مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ شہریار خان نے پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے کہا:
“پاک فضائیہ نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا، دشمن ہمیشہ ناکام ہوا اور ہوتا رہے گا۔”
کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے بھی مزارِ قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔لاہور میں شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر بھی پھول رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ تھے۔ انہوں نے ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کروائی اور تاثرات درج کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کا پیغام آج بھی قوم کے لیے روشنی کا مینار ہے۔
صدر اور وزیراعظم کے قوم کے نام پیغامات
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں 6 ستمبر کو “حق و باطل کے معرکے کا دن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح 1965 میں افواجِ پاکستان نے بے مثال جرات دکھا کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، آج بھی وہی جذبہ تازہ ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی قومی تاریخ میں اتحاد، عزم اور بہادری کا سنہرا باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ معرکۂ حق میں بھی افواجِ پاکستان اور عوام دشمن کے مقابل آہنی دیوار بن گئے اور دشمن کے غرور کو پاش پاش کر کے نئی تاریخ رقم کی۔ وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تذویراتی وژن کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ “1965 کا ناقابلِ تسخیر جذبہ آج بھی زندہ ہے۔”

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور عالمی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ وہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے عملی کردار ادا کرے۔







Discussion about this post