قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، شکاگو نے یومِ تشکر (Day of Gratitude) کی مناسبت سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں آپریشن "بنیان المرصوص” اور "معرکۂ حق” میں پاکستان کی فتح پر مسلح افواج اور پاکستانی قوم کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے افراد نے بھی بھرپور شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل طارق کریم نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بے جگری اور دانشمندی سے دشمن کی بلاجواز جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم نے حکومت اور افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی خودمختاری کا دفاع کیا۔طارق کریم نے واضح کیا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی بالغ نظری، تحمل اور ٹارگٹڈ حکمت عملی پر مبنی تھی، جس کا مقصد صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی جنگی طیارے، ڈرونز اور عسکری اہداف کو تباہ کرنا اب ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے، جسے کوئی بھی پروپیگنڈہ جھٹلا نہیں سکتا۔قونصل جنرل نے امریکہ اور دیگر دوست ممالک کے مثبت کردار کو سراہا جنہوں نے فائر بندی کے قیام میں مدد فراہم کی۔








Discussion about this post