پاک فضائیہ نے ایک بار پھر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ برطانیہ میں ہونے والے عالمی شہرت یافتہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025 میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے دو بڑے عالمی اعزازات اپنے نام کر لیے۔

سی-130 ہرکولیس طیارے کو "Concourse d’Elegance Trophy” سے نوازا گیا، جو ایوی ایشن کے میدان میں غیر معمولی حسن، کارکردگی اور پریزنٹیشن کی علامت ہے۔ اس طیارے کو عقاب کے عکس سے مزین کیا گیا تھا، جس نے ایئر شو کے شرکاء کو بے حد متاثر کیا۔

دوسری جانب، پاکستان کے جدید ترین جنگی طیارے جے ایف-17 سی بلاک تھری نے "Spirit of the Meet” ٹرافی اپنے نام کی۔ اس اعزاز کا مقصد اُن طیاروں کو خراج تحسین پیش کرنا ہوتا ہے جو تکنیکی مہارت، طویل پرواز اور پائلٹ کے جذبے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ جے ایف-17 تھنڈر نے پاکستان سے برطانیہ تک ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ کے ذریعے نان اسٹاپ پرواز مکمل کی جو پاکستان کی جدید دفاعی فضائی صلاحیت کا ثبوت ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ:
"یہ اعزازات نہ صرف پاک فضائیہ کی تکنیکی برتری کا مظہر ہیں بلکہ یہ اس بات کا اعتراف بھی ہیں کہ پاکستان کا ایوی ایشن سیکٹر عالمی معیار پر پورا اترتا ہے۔”
رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو دنیا کے سب سے بڑے ملٹری ایوی ایشن ایونٹس میں شمار ہوتا ہے، جہاں دنیا بھر کی فضائی افواج اپنی مہارت اور ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ ان اعزازات نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا کہ پاکستان کی فضائی قوت نہ صرف خطے میں بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک قابلِ اعتماد اور پیشہ ورانہ حیثیت رکھتی ہے۔







Discussion about this post