گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر یہ افواہ تیزی سے گردش کرنے لگی کہ پاکستانی کرنسی نوٹوں سے ’’حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے‘‘ کی عبارت ہٹا دی گئی ہے۔ مختلف پلیٹ فارمز فیس بک، ایکس (ٹوئٹر)، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب—پر متعدد صارفین نے یہ دعویٰ دہرایا اور کہا کہ یہ الفاظ پہلے نوٹوں کی پشت پر درج تھے لیکن اب انہیں ختم کر دیا گیا ہے۔ اس مبینہ اقدام پر شدید تنقید بھی سامنے آئی اور یہ سوال اٹھایا گیا کہ اگر یہ عبارت ہٹا دی گئی ہے تو پھر حلال اور حرام آمدنی کے فرق کو کون اجاگر کرے گا؟ لیکن جب اس معاملے کی حقیقت سامنے آئی تو واضح ہوا کہ یہ دعویٰ بالکل جھوٹا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایک عہدیدار نے، بینک کی سرکاری ویب سائٹ کے ساتھ ساتھ آزادانہ جانچ پڑتال نے بھی تصدیق کی کہ ’’حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے‘‘ کی عبارت بدستور تمام پاکستانی کرنسی نوٹوں پر موجود ہے۔ایک سرکاری افسر نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر درج ہر کرنسی نوٹ کے ڈیزائن اور سیکیورٹی فیچرز کی تفصیل میں یہ جملہ موجود ہے۔ دس روپے سے لے کر پانچ ہزار روپے تک، ہر نوٹ کی پشت پر ’’حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے‘‘ صاف اور واضح الفاظ میں لکھا ہے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے ویب سائٹ کا متعلقہ صفحہ بھی فراہم کیا۔ فیکٹ چیک ٹیم نے بھی خود نیا 500 روپے کا نوٹ دیکھ کر اس کی تصدیق کی۔ جائزے کے دوران یہ بات واضح ہوئی کہ وہی عبارت اب بھی نوٹ پر درج ہے جس کے ہٹائے جانے کا دعویٰ سوشل میڈیا پر کیا جا رہا تھا۔
پرانے نوٹوں پر عبارت لکھی ہوتی تھی "حصول رزق حلال عین عبادت ہے”۔نئے نوٹوں سے یہ ہٹا دی گئی، حلال حرام کا فرق ہی ختم کر دیا گیا۔
اور ہمیں پتہ ہی نہیں چلا۔ pic.twitter.com/pjPovkgiFp— Bushra Mughal ik (@bushra_ik) August 17, 2025
یوں تفصیلی جانچ کے بعد حقیقت روزِ روشن کی طرح سامنے آگئی: پاکستانی کرنسی نوٹوں پر ’’حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے‘‘ کی عبارت بدستور موجود ہے، اور اسے ہٹانے کا تاثر سراسر جھوٹا اور گمراہ کن ہے۔







Discussion about this post