وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کی پہلی گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح کیا، جہاں پہلی بار پیٹرولنگ کے لیے جدید اور ماحول دوست الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرائی گئی ہیں۔ یہ اعزاز بھی پنجاب کے نام رہا۔افتتاح کے موقع پر مریم نواز نے نہ صرف گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک گاڑی کا تفصیلی معائنہ کیا بلکہ خود اسے ڈرائیو کر کے اس کی جدت اور جدید ٹیکنالوجی کا عملی تجربہ بھی حاصل کیا۔ انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں بی وائی ڈی کی جدید الیکٹرک گاڑیاں ٹریفک اور پیٹرولنگ کے فرائض انجام دیں گی، اور یہ گاڑیاں فی چارج 410 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ یہ الیکٹرک گاڑیاں محض 30 منٹ میں 30 سے 80 فیصد تک فاسٹ چارج ہو جاتی ہیں اور ان میں جدید سرویلنس سسٹم، پی اے سسٹم، پولیس لائٹس، 360 ڈگری کیمرے اور اسپیڈ ڈیٹیکشن آلات نصب ہیں۔ موجودہ 103 پیٹرولنگ گاڑیاں ماہانہ 28 ہزار لیٹر ایندھن استعمال کرتی ہیں، جس پر 7.42 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں، جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے فی گاڑی سالانہ تقریباً 4 ہزار 500 لیٹر ایندھن کی بچت ممکن ہوگی، لاگت میں کمی آئے گی اور ماحول کو زیرو کاربن اخراج کے ذریعے صاف بنایا جا سکے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد بڑھائی جائے اور گرین پولیسنگ یونٹ کو دیگر اضلاع میں بھی مرحلہ وار متعارف کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدید اقدام نہ صرف اخراجات میں کمی اور ماحول کی حفاظت کا باعث بنے گا بلکہ صاف ستھری فضا اور بہتر گڈ گورننس کے وژن کا بھی مکمل عکاس ہوگا۔







Discussion about this post