سیکیورٹی اداروں نے کراچی میں ایک بڑے دہشت گردانہ حملے کو بروقت ناکام بنا کر شہر کو خوفناک سانحے سے بچا لیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ دہشت گردی کا منصوبہ بیرونِ ملک سے پلان کیا گیا تھا اور شہر میں خوف و ہراس پھیلانے کی غرض سے تیار کیا گیا تھا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر کے مطابق، واقعے میں ملوث تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن کا تعلق کمانڈر بشیر کی قیادت والے بی ایل اے گروپ سے ہے۔ ملزمان رئیس گوٹھ میں بارودی مواد چھپانے کی کوشش کر رہے تھے، جس میں ایک ٹرک، 30 سے زائد بڑے ڈرم اور 5 سلنڈر شامل تھے۔

مجموعی طور پر دو ہزار کلو گرام سے زائد دھماکا خیز مواد برآمد کر کے ناکارہ بنایا گیا، جس میں کمرشل نوعیت کا بارودی مواد بھی شامل تھا۔ ڈی آئی جی اظفر مہیسر نے بتایا کہ دہشت گرد کراچی میں بڑی واردات کے لیے بارودی مواد مختلف راستوں سے لا کر جمع کر رہے تھے، لیکن سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی نے شہر کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات بلدیہ رئیس گوٹھ میں سیکیورٹی اداروں نے چار ٹن سے زائد دھماکا خیز مواد برآمد کیا اور اسے محفوظ طریقے سے ناکارہ بنایا۔







Discussion about this post