خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی اداروں نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دو الگ الگ شاندار کارروائیاں انجام دیتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 24 خطرناک دہشت گردوں کو ختم کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 4 اور 5 فروری کو ضلع اورکزئی میں کارروائی کے دوران فورسز نے مہارت سے خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا۔اسی طرح ضلع خیبر میں ایک اور کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت دکھاتے ہوئے 10 اور دہشت گردوں کو موثر انداز میں ہلاک کر دیا۔ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کو سرکوب کیا جا سکے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم منصوبے بروقت کارروائیوں کی بدولت ناکام ہوئے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی ادارے اپنی بھرپور صلاحیت کے ساتھ محاذ پر موجود رہیں گے اور بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔







Discussion about this post