پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی، تاہم پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام 12 بھارتی ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کے مطابق یہ ڈرونز لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، بہاولپور، کراچی، اٹک اور چھور کے مختلف علاقوں میں مار گرائے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور میں 4 فوجی افسران زخمی ہوئے جبکہ میانو سندھ میں ایک شہری شہید ہوا، جو بھارتی اشتعال انگیزی کا نشانہ بنا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر چوکنا ہیں اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ مساجد اور عام شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے، جو بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ترجمان پاک فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جیسے جیسے حالات آگے بڑھیں گے، قوم کو بروقت آگاہ کیا جاتا رہے گا۔
Discussion about this post