ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ایک اور مبینہ ایجنٹ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ مشتبہ شخص واٹس ایپ کے ذریعے ایران کی فضائی دفاعی تنصیبات سے متعلق حساس معلومات اسرائیل کو منتقل کر رہا تھا۔ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے رپورٹ کیا ہے کہ جمعے کے روز سیکیورٹی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے اس ایجنٹ کو گرفتار کیا، جو مبینہ طور پر اسرائیلی خفیہ ادارے کے لیے کام کر رہا تھا۔ حکام کے مطابق گرفتار ایجنٹ ایران کے ایئر ڈیفنس سسٹمز اور متعلقہ تنصیبات کی معلومات واٹس ایپ کے ذریعے لیک کرتا رہا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شمال مغربی ایران میں ایک بڑی کارروائی کے دوران 35 سے زائد میزائل ذخیرہ گاہوں اور لانچنگ سائٹس کو تباہ کر دیا ہے۔ اسرائیلی وزارتِ دفاع کے مطابق،
"آج اسرائیلی فضائیہ کے 25 سے زائد جنگی طیاروں نے تبریز اور کرمانشاہ کے مختلف مقامات کو نشانہ بنایا، جہاں میزائلوں کے ذخیرے اور لانچنگ پیڈز تباہ کیے گئے۔”
ایران میں موساد ایجنٹس کی گرفتاریوں کے مسلسل دعوے اور اسرائیل کی جانب سے ایرانی تنصیبات پر حملوں کے اعلانات نے خطے میں سیکیورٹی کشیدگی کو نئی سطح پر پہنچا دیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی جاسوسی، سائبر وارفیئر اور فضائی حملوں کی جنگ خطے کے لیے خطرناک صورتحال پیدا کر رہی ہے۔ ایران کی جانب سے یہ گرفتاری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب تہران اور تل ابیب کے درمیان تناؤ اپنے عروج پر ہے، اور دونوں فریق اپنی کارروائیوں کو "دفاعی اقدامات” قرار دے رہے ہیں۔







Discussion about this post