مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حالیہ مبینہ حملے کے بعد، بھارتی حکومت نے پاکستان پر الزامات کی روشنی میں سخت اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا ہے، جس کے تحت اب متعدد معروف پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بھی ملک بھر میں بلاک کر دیے گئے ہیں۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، ان بلاک کیے گئے اکاؤنٹس میں شوبز کی نامور شخصیات جیسے ماہرہ خان، فواد خان، علی ظفر، ہانیہ عامر، اقرا عزیز، سجل علی، بلال عباس خان اور صبا قمر کے نام شامل ہیں۔ جب کوئی صارف بھارت سے ان اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے تو انسٹاگرام پر یہ پیغام نمودار ہوتا ہے کہ
یہ اکاؤنٹ آپ کے ملک میں دستیاب نہیں۔ اسے بھارتی حکومت کی قانونی درخواست پر بلاک کیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب بھارتی حکومت نے پہلے ہی پاکستانی نیوز اور ڈراما چینلز کے یوٹیوب اکاؤنٹس پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اب سوشل میڈیا پر پاکستانی فنکاروں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی حکام کشیدگی کی فضا میں سفارتی اور ثقافتی روابط مزید محدود کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ممکن ہے کہ اس فہرست میں دیگر پاکستانی فنکاروں کے اکاؤنٹس بھی شامل ہوں، تاہم تاحال ان تمام اکاؤنٹس کی مکمل فہرست منظر عام پر نہیں آ سکی۔ یاد رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 26 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جن میں اکثریت غیر ملکی سیاحوں کی تھی۔ واقعے کے فوراً بعد بھارتی حکومت نے بغیر کسی واضح ثبوت کے پاکستان پر الزام عائد کیا، جسے اسلام آباد نے نہ صرف مسترد کیا بلکہ انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔ اس واقعے کے بعد بھارت نے پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کرنے، سفارتی عملے کو محدود کرنے اور میڈیا و سوشل میڈیا پر پاکستانی موجودگی کو محدود کرنے جیسے اقدامات اٹھائے ہیں۔
Discussion about this post