وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی ملک میں سونے کی قانونی تجارت ایک بار پھر فعال ہو گئی ہے۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارتِ تجارت نے باضابطہ آرڈر جاری کرتے ہوئے اس فیصلے کو نافذ العمل کر دیا۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سونے کی عالمی تجارت سے متعلق وہ ایس آر او، جسے پہلے معطل کیا گیا تھا، دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد و برآمد کے نظام میں چند اہم ترامیم بھی شامل کی ہیں، تاہم مجموعی فریم ورک اپنی جگہ برقرار رہے گا۔ حکومتی مؤقف کے مطابق یہ فریم ورک شفافیت، نگرانی اور خود کار نظام کو مزید مضبوط بناتے ہوئے فعال رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ رواں سال مئی میں سونے کی ایکسپورٹ اور امپورٹ پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، جب کہ وزارتِ تجارت نے 6 مئی 2025 کو سونے کی تجارت کو منظم کرنے والا ایس آر او 60 دن کے لیے معطل کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پابندی سونے کی اسمگلنگ کی بڑھتی ہوئی شکایات کے باعث لگائی گئی تھی، تاہم حالیہ مہینوں میں اسمگلنگ کے کسی نئے واقعے کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد حکومت نے پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا۔







Discussion about this post