پاکستان کے قونصل جنرل نیویارک، عامر احمد اتوزئی نے پاکستانی نژاد امریکی فلم ساز علی پرویز کی آنے والی فلم” رشتہ ” کے پرومو اور فنڈ ریزنگ ایونٹ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ فلم ” رشتہ: پاکستانی نژاد امریکی خاندانوں میں بہن بھائیوں کے درمیان تعلقات کی پیچیدگیوں اور جذباتی کشمکش کو موضوع بناتی ہے۔ یہ فلم ثقافتی شناخت، نسلی فرق، اور خاندانی بندھنوں کی خوبصورتی کو جذباتی انداز میں پیش کرتی ہے اور امیگرنٹ کمیونٹیز میں ان رشتوں کی غیر محسوس مگر مضبوط ڈور کو اجاگر کرتی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے نوجوان پاکستانی نژاد فلم سازوں کی تخلیقی کاوشوں کو سراہا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ایسے فنکارانہ منصوبے امریکی معاشرے کے ثقافتی تنوع میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے مثبت کردار کو اجاگر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد افراد نے طب، انجینئرنگ، اور آئی ٹی جیسے شعبوں میں تو قابلِ ذکر خدمات سرانجام دی ہیں، لیکن فنونِ لطیفہ میں ان کی شمولیت ایک خوش آئند قدم ہے جو ہماری اجتماعی شناخت کو مزید تقویت دیتا ہے۔
یہ تقریب ایک بڑی تعداد میں شرکاء کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں کامیاب رہی اور اسے پاکستانی نژاد امریکیوں کی کہانیوں کو عالمی سطح پر روشناس کروانے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ قونصلیٹ کی جانب سے نوجوانوں کو تخلیقی شعبوں میں متحرک کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ دیاسپورا کی نمائندگی کو مزید متنوع اور مؤثر بنایا جا سکے۔
Discussion about this post