پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بڑا انکشاف کیا ہے کہ معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی غیر قانونی بیٹنگ ایپس کی پروموشن کے بدلے ایک شو سے 10 سے 20 ہزار ڈالر وصول کرتے تھے۔
ادارے نے 46 غیر قانونی آن لائن ایپس کی فہرست بھی جاری کردی ہے، جن میں فاریکس ٹریڈنگ کی نان ریگولیٹڈ ایپس اور وہ ایپس بھی شامل ہیں جو شہریوں کا ذاتی ڈیٹا اور موبائل نمبرز لیک کر دیتی تھیں۔ ان میں Aviator Game، Chicken Road، 1xBet، Dafabet، 22Bet، Pari Match، Bet365، Plinko، Rabona اور دیگر شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق یہ فہرست پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو فراہم کر دی گئی ہے اور اب پی ٹی اے تمام غیر قانونی ایپس کو بلاک کرے گا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چوہدری نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان میں 40 سے زائد ایسی ایپس کے ذریعے اربوں روپے کا آن لائن جوا کھیلا جارہا ہے اور جوئے کو فروغ دینے والے یوٹیوبرز و انفلوئنسرز کی فہرست تیار کی جاچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوٹیوبرز لگژری لائف اسٹائل اور مہنگی گاڑیوں کے ذریعے نوجوانوں کو متاثر کر کے ان ایپس کی جانب راغب کرتے ہیں۔ چند روز قبل این سی سی آئی اے نے ڈکی بھائی کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔ عدالت پہلے ان کا 2 روزہ اور پھر 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر چکی ہے، جبکہ ایجنسی نے 28 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ ڈکی بھائی پر الزام ہے کہ انہوں نے 50 سے زائد ایسے پروگرامز کیے جن کے ذریعے جوئے کو فروغ دیا گیا۔

سرفراز چوہدری نے مزید کہا کہ 14 جون کو ایک بڑی انکوائری شروع کی گئی جس میں سامنے آیا کہ یہ ایپس خاص طور پر 6 سے 16 سال تک کے بچوں کو نشانہ بنا رہی تھیں۔ ان کے مطابق یہ معاملہ بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے، اسی لیے ریاست نے خود مدعیت میں کارروائی شروع کی اور سائبر پٹرولنگ ٹیمیں تشکیل دیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق، پاکستان میں بیٹنگ یا آن لائن جوئے کے حوالے سے واضح قوانین موجود نہیں، جس کی وجہ سے مقدمات میں پیچیدگیاں آتی ہیں۔ ڈکی بھائی کے خلاف پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 اور پاکستان پینل کوڈ کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، تاہم قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ مخصوص جرم کی وضاحت کے بغیر سزا دلوانا مشکل ہوتا ہے۔







Discussion about this post