فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بشمول سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ریسکیو ورکرز اور فوجی جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔ آرمی چیف کو موجودہ سیلابی صورتحال اور آئندہ بارشوں کے تناظر میں تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کا جائزہ لیا اور فوج و سول انتظامیہ کی مربوط اور انتھک کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

سیالکوٹ سیکٹر میں فیلڈ مارشل نے سکھ کمیونٹی سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ سیلاب کے دوران متاثر ہونے والے تمام مذہبی مقامات بشمول دربار صاحب کرتارپور کو ترجیحی بنیادوں پر اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کا تحفظ ریاست اور اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، پاکستان اس فریضے کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔

سکھ برادری نے آرمی چیف کا پرجوش خیر مقدم کیا اور مشکل وقت میں فوج و سول انتظامیہ کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے دربار صاحب کرتارپور کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ سپاہیوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور خدمتِ خلق کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اور فعال حکمت عملی کے باعث قیمتی جانوں اور املاک کے نقصانات کو کم سے کم رکھنے میں کامیابی ملی ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی آمد پر کور کمانڈر گجرانوالہ نے ان کا استقبال کیا۔







Discussion about this post