وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ یومِ آزادی کی مناسبت سے بہترین سجاوٹ کرنے والی گاڑی، دکان یا عمارت کو خصوصی انعامات دیے جائیں گے، تاکہ ہر شہری جذبہ حب الوطنی کے ساتھ قومی دن کی خوشی میں شریک ہو۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سرکاری و نجی عمارات پر قومی پرچم لہرانے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقاریب اور ثقافتی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ:
-
کراچی کے سی ویو پر جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب ہو گی۔
-
حیدرآباد میں رانی باغ میں کلچرل شو اور کنسرٹ ہوگا۔
-
سکھر میں "معرکۂ حق” کے تناظر میں ثقافتی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
-
شاہ عبداللطیف بھٹائی کے سالانہ میلے (9 سے 11 اگست) کو بھی جشنِ آزادی سے منسلک کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ:
-
ونٹیج کارز اور ہیوی بائیکس کی ریلیاں نکالی جائیں گی۔
-
رکشہ ریلی، خواتین کے میلوں، پینٹنگ و گائیکی مقابلوں اور مشاعروں کا انعقاد کیا جائے گا۔
-
تمام تقریبات میں سیاسی جماعتوں کو باضابطہ دعوت دی جائے گی تاکہ جشنِ آزادی سب کے لیے ایک قومی تہوار ہو۔
انہوں نے پولیس و ٹریفک حکام کو منظم ٹریفک پلان تیار کرنے کی ہدایت دی اور شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مکمل تعاون کریں۔ آخر میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے دوران اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور محکمۂ تعلیم بھی اپنے پروگرامات ترتیب دے رہا ہے۔







Discussion about this post