انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت فیصل آباد نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق مقدمات کا فیصلہ سنا دیا، عدالت نے مجموعی طور پر 167 ملزمان کو سزائیں سنا دیں۔ عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز اور پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ حساس ادارے پر حملے میں ان رہنماؤں کا کردار ثابت ہوا۔ اسی مقدمے میں رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کو بھی 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ حساس ادارے حملہ کیس میں 185 میں سے 108 افراد کو سزا ہوئی، جبکہ 77 ملزمان کو بری کر دیا گیا۔

متعدد اہم رہنما بری
عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، رکن قومی اسمبلی زین قریشی، خیال کاسترو، فیض اللّٰہ کموکا، رانا اسد محمود خان، بلال اشرف بسرا، ہارون رشید، عمارہ رشید، صاحبزادہ حسن رضا اور کامران ورک کو بری کر دیا ہے۔
غلام محمد آباد کیس میں 58 افراد کو سزا
دوسری جانب، غلام محمد آباد تھانے میں درج مقدمے میں 66 ملزمان میں سے 58 کو 10، 10 سال قید کی سزا دی گئی، جبکہ 8 افراد کو بری کر دیا گیا۔ ملزم جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔عدالت کی جانب سے غلام محمد آباد میں درج جلاؤ گھیراؤ کے دوسرے مقدمے کا فیصلہ بھی جلد سنایا جائے گا۔







Discussion about this post