کراچی کے ایکسپو سینٹر میں یکم سے 3 مئی 2026 کو کراچی انٹرنیشنل بک اینڈ ایڈ ٹیک فیئر کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ ” کراچی انٹرنیشنل بک اینڈ ایڈ ٹیک فئیر 2026″ محض ایک کتابی نمائش نہیں، بلکہ علم، تحقیق، ڈیجیٹل جدت اور مستقبل کی فنی مہارتوں کو یکجا کرنے والا ایک ہمہ جہت پروگرام ثابت ہوگا۔ اس تین روزہ میلے کا بنیادی مقصد پاکستان کے روایتی تعلیمی نظام کو عالمی علمی اور تکنیکی رابطوں سے جوڑنا اور ایک ایسی قومی تحریک کا آغاز کرنا ہے جو نئی نسل کو جدید دور کے چیلنجز کے لیے تیار کر سکے۔حال ہی میں میلے کے منتظمین، ڈاکٹر سعد بن عزیز اور علی کامران چشتی نے سندھ کے صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، علی راشد سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے نمائش کے دوران ہونے والے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے اپنی وزارت کی جانب سے مکمل تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اسی طرح سابق وفاقی رکن اور سابق صوبائی وزیر بلوچستان، جان اچکزئی نے بھی اس میلے کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ان کی علمی و سیاسی خدمات کے اعتراف میں انہیں اس میلے کا "سیاسی سفیر” مقرر کیا گیا ہے، جو اس پروگرام کے سماجی و سیاسی اثرات کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔

پاکستان کے ممتاز اشاعتی اور تعلیمی ادارے اس میلے کی کامیابی کے لیے متحد ہو چکے ہیں۔ بچوں کے ادب اور تعلیمی ٹیکنالوجی کے معروف ادارے ایزو کارپ انٹرٹینمنٹ کے سربراہ عمران اظہر نے اس میلے کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کرتے ہوئے اشاعتی صنعت کو جدید دور سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن کے علاقائی سربراہ فیاض نے بھی ڈاکٹر سعد بن عزیز سے ملاقات میں نوجوانوں کے لیے تخلیقی اور فکری منصوبوں پر اتفاق کرتے ہوئے مکمل اشتراک کا وعدہ کیا ہے۔ تعلیمی میدان میں کراچی فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز، گرین وچ یونیورسٹی، داؤد پبلک اسکول اور دی کمانڈر اسکول جیسے بڑے نام بھی اس میلے کا حصہ بننے کی تصدیق کر چکے ہیں۔ کراچی بین الاقوامی کتب و تعلیمی ٹیکنالوجی میلہ 2026 پاکستان کے تعلیمی مستقبل کی سمت متعین کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ پروگرام روایتی کتابی ثقافت کو بچاتے ہوئے جدید دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔








Discussion about this post