پاکستان نے اپنی ایئر سپیس کو عارضی طور پر بند کرنے کے بعد لاہور اور کراچی کی فضائی حدود کو دوبارہ کھول دیا ہے۔ بدھ کی صبح سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان نے ایک نیا نوٹیفیکیشن جاری کیا، جس میں بتایا گیا کہ آپریشنل پابندیوں کے دوران ایئر سپیس کو 48 گھنٹوں کے لیے معطل کیا گیا تھا۔ تاہم، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کو احتیاط کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔ اس کے مطابق پروازوں کے شیڈول اور راستوں کے بارے میں حتمی فیصلہ ایئرلائنز کے اختیار میں ہے۔

یاد رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب، بھارت کی جانب سے حملے کے بعد پاکستان نے اپنی ایئر سپیس کو بند کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور غیر ملکی ایئرلائنز نے بھی پاکستان کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دیں۔ پاکستانی ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئر سپیس کو 48 گھنٹے کے لیے بند کیا گیا تھا، جس کا اثر نہ صرف غیرملکی پروازوں پر بلکہ علاقائی پروازوں پر بھی نمایاں پڑا۔ ایئر ٹریفک ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق، متعدد طیارے پاکستان کی فضائی حدود سے ڈائیورٹ کر چکے ہیں۔
Discussion about this post