سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، فتنہ الہندوستان کا دہشتگرد گل رحمان عرف استاد مرید افغانستان میں ہلاک ہو گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گل رحمان فتنہ الہندوستان مجید بریگیڈ کا ٹرینر اور آپریشنل کمانڈر تھا، اور وہ سیکیورٹی فورسز، چینی شہریوں، معصوم شہریوں اور مختلف اداروں پر حملوں میں براہِ راست ملوث رہا۔ گل رحمان اور اس کے گروہ نے پاکستان کے نہتے شہریوں، سیکیورٹی فورسز اور سی پیک منصوبوں کو نشانہ بنایا، جس سے خطے میں سیکیورٹی کی سنگین صورتحال پیدا ہوئی۔ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دہشتگرد افغان صوبے ہلمند میں 17 ستمبر 2025 کو ہلاک ہوا۔یاد رہے کہ اس سال مارچ میں ٹرین آپریشن میں 33 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ 26 سیکیورٹی اہلکار اور شہری شہید ہوئے اور 354 یرغمالیوں کو ریسکیو کرایا گیا۔ بلوچستان کے ضلع بولان کے ڈھاڈر علاقے میں دہشت گردوں نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا تھا، اور مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا، جس کے نتیجے میں حکومت نے ایک بڑے ریسکیو اور انسداد دہشت گردی آپریشن کا آغاز کیا۔







Discussion about this post