وزیراعظم شہباز شریف کے قومی بچت اور کفایت شعاری پروگرام کے تحت عوام کے لیے بڑے ریلیف کے اقدامات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام شہروں میں ایک ماہ تک پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر مفت کر دیا جائے گا۔ اس فیصلے کے تحت اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس، سپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس سمیت تمام سرکاری پبلک ٹرانسپورٹ میں شہری بغیر ٹکٹ کے آزادانہ سفر کر سکیں گے۔ مریم نواز نے زراعت اور کسانوں کے لیے بھی اہم پیکیج کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو فی ایکڑ ڈیزل پر 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے بھی خصوصی سبسڈی اسکیم شروع کی جا رہی ہے، جس کے تحت ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل والے شہری کو 20 لیٹر پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت ملے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹویٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی اگلے ایک ماہ تک پبلک ٹرانسپورٹ مفت کر دی گئی ہے۔ اس سبسڈی پر اٹھنے والا 350 ملین روپے کا خرچہ وزارت داخلہ برداشت کرے گی۔
On the directions of the Prime Minister, all public transport in Islamabad will be made free of cost for the general public for the next 30 days, starting tomorrow.
The Ministry of Interior will bear the expenditure of Rs. 350 million for this public relief initiative. Thank you…
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) April 3, 2026
مریم نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بحران کے باوجود حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور سپلائی کو ایک ماہ تک برقرار رکھنے کا بہت بڑا اور مخلصانہ اقدام اٹھایا ہے۔ اربوں روپے کا یہ ریلیف عوام کو موجودہ مشکلات سے کچھ حد تک نجات دلانے کے لیے دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں معاشی بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور پاکستان جیسا درآمدی تیل پر انحصار کرنے والا ملک اس سے شدید متاثر ہو رہا ہے۔ اس مشکل گھڑی میں حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی مشکلات کو کم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عوام پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں سے شدید متاثر ہو رہے تھے۔ پنجاب اور اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کرنے اور سبسڈی کے یہ اقدامات لاکھوں شہریوں، کسانوں اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے ایک بڑی خوشخبری ثابت ہو سکتے ہیں۔







Discussion about this post