پاکستانی وزارتِ مذہبی امور نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب میں حج و عمرہ کی ملازمتوں کی پیشکش کرنے والا ’خدام الحجاج‘ نامی اشتہار جعلی ہے اور اس کے پیچھے ایک غیر قانونی کمپنی سرگرم ہے۔ ترجمانِ وزارت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ 8 دسمبر کو ایک مقامی اخبار میں شائع ہونے والا اشتہار، جس میں مکہ اور مدینہ میں دو سالہ معاہدے کے تحت ملازمتوں، مفت ویزوں، رہائش اور واپسی کے ٹکٹ کی پرکشش پیشکش کی گئی تھی، سراسر دھوکا ہے۔ اس اشتہار میں بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کا جعلی رجسٹریشن نمبر استعمال کیا گیا ہے۔ وزارت نے ’خادمین حج‘ نامی جعلی کمپنی کا اصل اشتہار بھی جاری کیا تاکہ شہری اس کے دھوکے میں نہ آئیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ایسے جھوٹے دعووں کا مقصد سادہ لوح افراد کو مالی طور پر نقصان پہنچانا ہے، اس لیے عوام خود کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن احتیاط برتیں۔ وزارتِ مذہبی امور نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ملازمتوں کے کسی بھی غیر معمولی دعوے کی تصدیق لازماً سرکاری ویب سائٹس سے کریں، غیر مصدقہ موبائل نمبرز پر ہرگز رابطہ نہ کریں اور صرف مستند سرکاری لینڈ لائن نمبرز استعمال کریں۔
#Fake #Advertisement #FactCheck #Khuddam #Hajj @FactCheckerMoIB pic.twitter.com/Y225LZohzE
— Ministry of Religious Affairs & Interfaith Harmony (@MORAisbOfficial) December 10, 2025
ترجمان نے کہا کہ جعلی اشتہار پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور شہری اگر کسی مشکوک سرگرمی یا جعلسازی کا سامنا کریں تو فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں۔ وزارت نے ایک مرتبہ پھر شہریوں کو متنبہ کیا کہ بیرونِ ملک روزگار کے نام پر دھوکے باز گروہ سرگرم ہیں، اس لیے صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور اپنے آپ کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچائیں۔







Discussion about this post