ایشیا کپ کے دوران ہاتھ نہ ملانے کے تنازع نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے, اب بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، سوریا کمار یادو نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو پیغام دیا ہے کہ اگر بھارت ایشیا کپ جیتتا ہے تو وہ ٹرافی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے وصول نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرافی پریزنٹیشن میں محسن نقوی کی موجودگی ان کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ کے بعد کھلاڑیوں نے روایتی مصافحہ نہیں کیا تھا، جس نے معاملے کو پہلے ہی حساس بنا دیا تھا۔ پی سی بی نے اس رویے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کھیل کی روح مجروح ہوئی ہے اور یہاں تک کہ ٹورنامنٹ سے دستبرداری کی دھمکی بھی دی تھی۔ اسی تناظر میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا:
“کھیل میں اسپورٹس مین اسپرٹ کی کمی دیکھنا افسوسناک ہے۔ سیاست کو کھیل میں گھسیٹنا اس کی اصل روح کے منافی ہے۔ امید ہے کہ آئندہ فتوحات سب ٹیمیں وقار اور شائستگی کے ساتھ منائیں گی۔”
ایشیا کپ کا مستقبل اب غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے اور ماہرین کے مطابق اگلے چند دن ٹورنامنٹ کی سمت کا فیصلہ کرنے میں نہایت اہم ہوں گے۔







Discussion about this post