پاکستان ویمنز کرکٹ کی نیشنل سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ یہ میگا ایونٹ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک سری لنکا اور بھارت میں منعقد ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق یہی اسکواڈ 16 سے 22 ستمبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول تین ون ڈے میچوں کی ہوم سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف بھی حصہ لے گا۔

فاطمہ ثناء کپتان مقرر
23 سالہ آل راؤنڈر فاطمہ ثناء پہلی بار کسی بڑے عالمی ایونٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گی۔ وہ اس سے قبل ورلڈ کپ کوالیفائر 2024 میں بھی کپتان رہی ہیں، جہاں پاکستان نے تمام میچ جیت کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ اسی طرح نوجوان بیٹر ایمان فاطمہ، جنہوں نے حال ہی میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی20 ڈیبیو کیا، ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہوں گی۔
ورلڈ کپ میں نئی شمولیات
اس بار چھ کھلاڑی پہلی مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی جن میں ناتالیہ پرویز، رمین شمیم، صدف شمس، صدیہ اقبال، شوال ذوالفقار اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں۔دلچسپ امر یہ ہے کہ ایمان فاطمہ، شوال اور عروب شاہ اس سے قبل 2023 میں جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔
اسکواڈ میں تبدیلیاں
کوالیفائر کھیلنے والی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایمان فاطمہ اور صدف شمس کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ گل فیروزہ اور نجیحہ علوی کو پانچ رکنی نان ٹریولنگ ریزروز میں ڈال دیا گیا ہے۔ دیگر ریزروز میں طوبیٰ حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
تربیتی کیمپ
اعلان کردہ اسکواڈ اور ریزروز کھلاڑی 29 اگست سے شروع ہونے والے 14 روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے۔ ہیڈ کوچ محمد وسیم کی نگرانی میں کھلاڑی نیٹ پریکٹس اور 50 اوورز کے پریکٹس میچ کھیلیں گی۔
جنوبی افریقہ کا دورۂ پاکستان
جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم 12 ستمبر کو لاہور پہنچے گی، جہاں وہ پاکستان کے خلاف سیریز کھیلے گی۔







Discussion about this post