کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں ایک بااثر شخص کی درندگی نے انسانیت کو شرما دیا۔ ایک سادہ سا حادثہ… اور پھر وہ ظلم جو معاشرے میں طاقت اور کمزوری کے فرق کو بے نقاب کر گیا۔ اتوار کی رات، گزری کے علاقے میں ایک گاڑی اور موٹر سائیکل میں معمولی تصادم ہوا۔ مگر گاڑی میں سوار بااثر شخص سلمان فاروقی آپے سے باہر ہو گیا۔ نہ صرف نوجوان پر حملہ کیا بلکہ اس کی بہنوں کے سامنے اسے زد و کوب کیا۔ دل دہلا دینے والے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکیوں نے ہاتھ جوڑ جوڑ کر معافی مانگی، آنسو بہائے، فریاد کی… مگر اس شخص کے دل میں ذرہ برابر رحم نہ آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نوجوان کی موٹر سائیکل صرف ہلکے سے ٹچ ہوئی تھی، کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔ لیکن سلمان فاروقی، جو خود کو سرکاری افسر ظاہر کر رہا تھا، طیش میں آ کر حملہ آور ہو گیا۔ ویڈیوز وائرل ہونے پر پولیس حرکت میں آئی۔
ابتدائی طور پر سلمان فاروقی کی گرفتاری تو نہ ہو سکی، مگر اس کے سیکیورٹی گارڈ، ڈرائیور اور ملازم کو حراست میں لے لیا گیا، اور ایک گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔ پتہ چلا کہ سلمان فاروقی سرکاری ملازم نہیں، بلکہ ’بائیونک فلمز‘ نامی کمپنی کا سی ای او ہے. ایس ایچ او فاروق سنجرانی کے مطابق ملزم کے گھر اور دفتر پر چھاپے مارے گئے ہیں، اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں تشدد، دھمکی اور ہراسانی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
Discussion about this post