پاکستان کے قونصل جنرل برائے شکاگو طارق کریم نے امریکی کانگریس وومن ڈیلیا رامیریز کا قونصلیٹ جنرل میں خیرمقدم کیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خاص طور پر پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے مثبت کردار پر گفتگو کی گئی۔ قونصل جنرل طارق کریم نے کانگریس وومن رامیریز کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دی اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست روابط اور باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دینا نہایت اہم ہے۔ملاقات کے دوران قونصل جنرل نے کانگریس وومن کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بھارت کی بے بنیاد الزامات، اشتعال انگیز بیانات اور غیر قانونی یکطرفہ اقدامات کو اس کشیدگی کی وجہ قرار دیا۔
کریم نے پاکستان کے امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان کے اصولی مؤقف پر روشنی ڈالتے ہوئے قونصل جنرل نے اس معاملے کی غیر جانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ دہرایا۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کو توازن اور حقائق پر مبنی مؤقف اختیار کرتے ہوئے خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ باہمی مکالمے، تعاون اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ پاکستانی نژاد امریکی برادری کے مثبت کردار کو دونوں رہنماؤں نے سراہا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
Discussion about this post