اسپین کے شہر بارسلونا میں یورپ میں ٹریڈ ونگ کے کوآرڈینیٹر اور معروف بزنس مین چوہدری امانت حسین مہر کی قیادت میں پاکستانی اوورسیز کمیونٹی نے بھارتی جارحیت کے خلاف عظیم الشان ریلی نکالی۔ جس میں افواج پاکستان سے بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی بھی کی گئی۔ ریلی جہاں جہاں سے گزری وہ علاقہ پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ جبکہ ہر جانب سبز ہلالی پرچموں کی بہارآگئی۔ اس ریلی میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن ، ندائے کشمیر اسپین اور پاک فیڈریشن اسپین کے دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر پرہجوم ریلی سے خطاب کرتے ہوئے معروف سرگرم بزنس مین اور پاکستانی کمیونٹی کی پہچان چوہدری امانت حسین مہر کا کہنا تھا کہ ہم بھارت اور نریندرمودی کی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف جمع ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی ہم دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ کس طرح پہلگام حملے کا جھوٹا الزام پاکستان پر لگایا گیا ہےاور پرامن پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی سازش رچی جارہی ہے۔ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اب اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان اس کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا۔ کیونکہ پاکستانی افواج دنیا کی بہترین ہے۔
چوہدری امانت حسین مہر کا مزید کہنا تھا پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر ہو یا سرحدوں پر کھڑے سپاہی سب کا پاکستان کے لیے جذبہ قابل تعریف ہے۔ ان کے مطابق بارسلونا میں پاکستانی کمیونٹی کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ وطن سے دور رہ کر بھی ہمارے دل پاکستان، اس کے عوام اور افواج پاکستان کے لیے دھڑکتے ہیں۔ آج ہم بھارتی جارحیت، دہشت گردی اور قتل و غارت گری کے خلاف جمع ہیں۔ دیگر مقررین نے بھی اس بات پر زور دیا کہ عالمی رہنما، مودی سرکار کی آبی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف ٹھوس قدم اٹھائیں۔
ریلی مختلف مقامات سے گزری جس میں شامل وطن کی محبت سے سرشار شرکا نے پاک فوج کے سپاہ سالار جنرل سیدعاصم منیر کے حق میں واشگاف نعرے لگائے گئے۔ دیار غیر میں پاکستان اور افواج پاکستان سے اظہار محبت کی یہ سب سے بڑی ریلی قرار دی گئی جس کا سہرہ بلاشبہ چودری امانت حسین مہر کے سر جاتا ہے۔
Discussion about this post