پانچ سال کے طویل تعطل کے بعد بالآخر قومی ایئرلائن پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن بحال کر دیا۔ افتتاحی تقریب آج اسلام آباد اور مانچسٹر ایئرپورٹ دونوں مقامات پر بیک وقت منعقد ہو گی، جبکہ پہلی پرواز اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے روانہ ہو رہی ہے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہونے والی افتتاحی تقریب میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف، یورپی یونین اور برطانیہ کے سفراء سمیت اعلیٰ سرکاری حکام کی شرکت متوقع ہے۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق فلائٹ آپریشن کی بحالی کے اعلان کے بعد ہی مسافروں کا غیر معمولی اعتماد دیکھنے میں آیا، اور اگلے تین ماہ کے لیے ایڈوانس بکنگ مکمل ہو گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ ساڑھے 12 ہزار مسافروں نے پیشگی بکنگ کروا لی ہے جسے دیکھتے ہوئے مستقبل میں برطانیہ کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد سے مانچسٹر تک ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی، بعد ازاں دوسرے مرحلے میں لاہور اور کراچی سے بھی براہِ راست پروازیں شروع ہوں گی۔ پہلے مرحلے کے لیے بوئنگ 777 طیارہ مختص کیا گیا ہے جو 350 سے زائد مسافروں کو لے کر جائے گا۔ افتتاحی دن اسلام آباد ایئرپورٹ، دورانِ پرواز اور مانچسٹر ایئرپورٹ پر کیک کاٹنے کی تقاریب ہوں گی۔ مسافروں کے لیے خصوصی قرعہ اندازی کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس میں موبائل فونز کے علاوہ 1300 سی سی گاڑی جیتنے کا موقع بھی شامل ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ نے افتتاحی پرواز کے مسافروں کی خصوصی ضیافت کے لیے خصوصی مینیو ترتیب دیا ہے اور انہیں شایانِ شان میزبانی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔







Discussion about this post