بالی ووڈ کے لیجنڈ دھرمیندر سنگھ دیول طویل علالت کے بعد 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی وفات نے بھارتی فلم انڈسٹری سمیت دنیا بھر میں موجود فلمی مداحوں کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ دھرمیندر گزشتہ کئی ہفتوں سے سانس کی تکالیف میں مبتلا تھے اور انہیں ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں علاج کیلئے داخل کیا گیا تھا۔ ان کی طبیعت میں بہتری نہ آنے پر آج ان کی وفات ہوگئی۔ دھرمیندر کی اہلیہ اور نامور اداکارہ ہیما مالنی، بیٹی ایشا دیول، بیٹے بوبی اور سنی دیول اور دیگر قریبی رشتہ دار آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے شمشان گھاٹ پہنچ چکے ہیں۔ بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن اور عامر خان سمیت متعدد شخصیات بھی تعزیت کے لیے موجود ہیں۔

دھرمیندر کا آخری پراجیکٹ
مرحوم اداکار نے اپنی آخری فلم "اکیس” میں کام کیا، جو 25 دسمبر کو ریلیز کے لیے مقرر ہے۔
فلمی کیریئر اور اعزازات
1935 میں بھارتی پنجاب میں پیدا ہونے والے دھرمیندر نے 1958 میں فلم دل بھی تیرا ہم بھی تیرے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور 306 سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ان کا کیریئر 6 دہائیوں پر محیط رہا، جس دوران انہوں نے شعلے، چپکے چپکے، دھرم ویر، سیتا اور گیتا، میرا گاؤں میرا دیش، پھول اور پتھر جیسے شاہکار کردار تخلیق کیے۔
انہیں فنِ اداکاری میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں 2012 میں پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ذاتی زندگی
پنجاب کے لدھیانہ میں کیول کرشن دیول کے نام سے پیدا ہونے والے دھرمیندر نے نوجوانی میں پرکاش کور سے شادی کی، بعدازاں انہوں نے اداکارہ ہیما مالنی سے ازدواجی زندگی اختیار کی۔
وہ اپنی بڑھتی عمر کے باوجود سوشل میڈیا پر نہایت فعال رہے اور کاشتکاری، صحت مند طرزِ زندگی اور مثبت سوچ کے پیغامات شیئر کرتے رہے۔







Discussion about this post