پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں ایک ایسا ریکارڈ چھو لیا ہے جسے کوئی بھی بیٹر اپنے نام کے ساتھ نہیں دیکھنا چاہتا۔ بابر نے عمر اکمل اور صائم ایوب کے ساتھ مل کر سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری لیگ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر سیریز کا فیصلہ اپنے نام کیا۔ 185 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی وکٹ 29 کے مجموعے پر گری اور اسی لمحے بابر اعظم کریز پر آئے—لیکن ان کا قیام صرف دو گیندوں کا مہمان ثابت ہوا۔ وہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ یہ بابر اعظم کے کیریئر میں دسواں موقع ہے جب وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل اسی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کے خلاف بھی وہ کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے تھے۔یوں بابر اعظم، صائم ایوب اور عمر اکمل مشترکہ طور پر پاکستان کے وہ بیٹر بن گئے ہیں جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ بار صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔ صائم ایوب 55 میچز میں، عمر اکمل 84 میچز میں جبکہ بابر اعظم 135 میچز میں 10 بار کھاتہ کھولنے سے پہلے ہی پویلین لوٹ چکے ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ عالمی سطح پر یہ ریکارڈ اب بھی سری لنکا کے ڈسن شناکا کے پاس ہے، جو 15 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کی تلخ حقیقت کا سامنا کر چکے ہیں۔







Discussion about this post