امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (ڈی ایچ ایس) نے اعلان کیا ہے کہ ورک پرمٹ یا ملازمت کا اجازت نامہ (ای اے ڈی) اب خود بخود نہیں بڑھے گا۔ یہ نیا قانون 30 اکتوبر کے بعد جمع کرائی جانے والی تجدیدی درخواستوں پر لاگو ہوگا اور اس کا اثر ایچ-4 ویزا رکھنے والے افراد اور بعض ایچ-1بی ویزا ہولڈرز کے شریکِ حیات پر بھی پڑے گا۔یو ایس سی آئی ایس نے جمعرات کو خبردار کیا کہ غیر ملکی شہری اپنے ورک پرمٹ کی تجدید 180 دن قبل بروقت اور درست طریقے سے جمع کروائیں، ورنہ روزگار کی اجازت یا متعلقہ دستاویزات میں عارضی رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔ پچھلی پالیسی کے تحت اہل افراد اپنے ورک پرمٹ ختم ہونے کے بعد بھی 540 دن تک کام جاری رکھ سکتے تھے، بشرطیکہ انہوں نے وقت پر تجدیدی درخواست جمع کروائی ہو۔ لیکن نئے قانون میں یہ سہولت تقریباً تمام کیسز میں ختم کر دی گئی ہے، یعنی جیسے ہی موجودہ ورک پرمٹ کی مدت ختم ہوگی، فرد کو کام روکنا پڑے گا جب تک نیا اجازت نامہ جاری نہ ہو۔

ڈی ایچ ایس کے مطابق یہ اقدام غیر ملکی شہریوں کی مکمل جانچ اور تصدیق کو یقینی بنانے، دھوکا دہی روکنے، اور ملکی سلامتی کے ممکنہ خطرات کی نشاندہی میں مدد کے لیے کیا گیا ہے۔ یو ایس سی آئی ایس کے ڈائریکٹر جوزف ایڈلو نے کہا کہ ادارہ اب غیر ملکی شہریوں کی زیادہ مؤثر نگرانی پر توجہ دے رہا ہے اور پچھلی حکومت کی وہ پالیسیاں ختم کر رہا ہے جو امریکی عوام کی سلامتی پر ترجیح دیتے ہوئے غیر ملکیوں کی سہولت کو مقدم رکھتی تھیں۔یہ قانون صرف 30 اکتوبر کے بعد جمع کرائی جانے والی درخواستوں پر لاگو ہوگا، اور اس سے پہلے جمع کرائی گئی درخواستیں پرانے ضوابط کے مطابق خودکار توسیع کی سہولت حاصل کریں گی۔







Discussion about this post