امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگ بندی کی صورتحال کو امریکا روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہا ہے۔’این بی سی نیوز‘ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا: "جنگ بندی کو برقرار رکھنا آسان نہیں ہوتا، یہ ایک پیچیدہ اور چیلنجنگ عمل ہے کیونکہ سیز فائر معاہدے اکثر جلد ٹوٹ جاتے ہیں۔” انہوں نے واضح کیا کہ امریکا نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ جیسے دیگر خطوں میں بھی حالات پر مسلسل نظر رکھتا ہے تاکہ جنگ بندی کے امکانات کو برقرار رکھا جا سکے۔ مارکو روبیو نے کہا کہ جنگ بندی اس وقت تک قائم رہ سکتی ہے جب تک دونوں فریق لڑائی روکنے پر رضا مند ہوں۔ ان کے مطابق:
"پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی نازک صورتحال اختیار کر چکی ہے۔”
وزیرِ خارجہ نے یوکرین اور روس کے تناظر میں بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کو برقرار رکھنا وہاں سب سے مشکل ہے کیونکہ روس اب تک کسی مستقل اتفاق پر تیار نہیں ہوا۔ یوکرین کی جنگ ساڑھے تین سال سے جاری ہے اور کسی بھی وقت جنگ بندی ٹوٹ سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کا مقصد ایک ایسے امن معاہدے تک پہنچنا ہے جو نہ صرف فوری طور پر جنگ کو روکے بلکہ مستقبل میں بھی پائیدار امن قائم کرے۔







Discussion about this post