اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانے نے پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر اپنے شہریوں کے لیے سفری احتیاطی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ جاری کردہ سفری الرٹ میں امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں میں سفر سے گریز کریں۔سفارتخانے کی جانب سے متنبہ کیا گیا ہے کہ جو شہری متنازع علاقوں میں موجود ہیں، وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر پناہ لیں اور مقامی حالات سے باخبر رہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ موجودہ کشیدہ فضا میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، جس پر امریکی حکام مسلسل گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کے اندر اور بین الاقوامی سطح پر پروازوں کی صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے، تاہم اسلام آباد، کراچی اور پشاور میں موجود امریکی سفارتی دفاتر مکمل طور پر فعال اور شہریوں کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سفری منصوبہ بندی کرتے وقت محتاط رہیں، مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں سفارتخانے سے فوری رابطہ کریں۔
Discussion about this post