پاکستان کے مقبول ترین کم عمر ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹرز میں سے ایک طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ پلیٹ فارم نے مستقل طور پر معطل کردیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے منفرد اور فیملی بیسڈ کانٹینٹ کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے طلحہ احمد نے فیس بُک پر اس خبر کی تصدیق کی۔ طلحہ کے بھائی طحہٰ احمد نے بتایا کہ انسٹاگرام کے مطابق طلحہ احمد کی عمر 13 سال سے کم ہے، اسی بنیاد پر ان کا اکاؤنٹ معطل کیا گیا۔ حالانکہ طلحہ اس وقت 16 سال کے ہیں۔
اپیل اور کاغذات کی فراہمی
طحہٰ احمد کے مطابق اکاؤنٹ معطلی کے بعد انہوں نے انسٹاگرام پر اپیل دائر کی۔ پلیٹ فارم کی جانب سے طلحہ کی عمر کی تصدیق کے لیے شناختی کارڈ یا دیگر دستاویزات مانگے گئے۔ چونکہ طلحہ کے پاس ابھی شناختی کارڈ یا ب فارم موجود نہیں تھا، اس لیے انہوں نے اسکول کے کاغذات جمع کرائے جن پر نام، تصویر اور عمر درج تھی۔ تاہم اس کے باوجود انسٹاگرام نے اب تک اکاؤنٹ بحال نہیں کیا۔
آئندہ کا لائحہ عمل
انہوں نے مزید کہا کہ یہ واضح نہیں کہ اکاؤنٹ کو رپورٹ کیا گیا ہے، عارضی معطل کیا گیا ہے یا مستقل طور پر بند کردیا گیا۔ لیکن امکان ہے کہ طلحہ احمد جلد نئے اکاؤنٹ سے دوبارہ کانٹینٹ کری ایشن شروع کریں گے۔
عوامی ردِعمل
طلحہ احمد کے فیس بُک پیج پر ان کے مداح مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا "جہاں تک ویڈیو پہنچنی تھی پہنچ گئی", جبکہ دوسرے نے سوال اٹھایا کہ اگر طلحہ کی عمر واقعی 16 سال ہے تو پھر ان کا اکاؤنٹ کیوں بین ہوا؟ خیال رہے کہ طلحہ احمد سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز رکھتے ہیں اور ان کی ویڈیوز زیادہ تر سیاسی، سماجی اور گھریلو موضوعات پر مبنی ہوتی ہیں۔ مداحوں کو امید ہے کہ نئے اکاؤنٹ کے ذریعے وہ دوبارہ سوشل میڈیا پر فعال ہوں گے۔







Discussion about this post