ایشین جوجِٹسو چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔ ایونٹ کے تیسرے دن پاکستان کی بانو کوثر نے خواتین کی 48 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کی رچا شرما کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ یہ علاقائی سطح پر بھی ایک طاقتور پیغام ہے کہ پاکستانی ایتھلیٹس عالمی معیار کے مقابلوں میں کسی سے پیچھے نہیں۔ چیمپئن شپ میں اب تک پاکستان نے مجموعی طور پر کئی نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ پہلے دن ایم علی راشد اور ایم یوسف علی نے ڈوو مینز کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا، جب کہ اسراء وسیم اور کائنات عارف نے ڈوو ویمنز کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیت کر ٹیم پاکستان کی جیتوں کا آغاز کیا۔ پاکستان جوجِٹسو فیڈریشن کے چیئرمین خلیل احمد خان نے ٹیم کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:
"یہ صرف تمغے نہیں، یہ اس بات کا اعلان ہیں کہ ہمارے ایتھلیٹس عالمی سطح پر کسی سے کم نہیں۔ یہ کامیابی کوچز، کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ ہمیں اپنی ٹیم پر فخر ہے۔”
ایشین جوجِٹسو چیمپئن شپ 26 مئی تک جاری رہے گی، جس میں پورے ایشیا سے اعلیٰ درجے کے فائٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ ٹیم پاکستان کی نظریں اب مزید تمغوں پر مرکوز ہیں۔۔
Discussion about this post