بھارتی خاتون کرکٹر سمریتی مندھنا کی زندگی میں ایک غیر متوقع موڑ آگیا ہے۔ کچھ عرصہ قبل جس رشتے کو زندگی بھر کے ساتھ میں بدلنے کا اعلان ہوا تھا، وہ اب اختتام کو پہنچ چکا ہے۔ سمریتی نے اپنے منگیتر پلاش موچل سے شادی مؤخر کرنے کے بعد اب اسے منسوخ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، اور اسی کے ساتھ انہوں نے وہ تمام تصاویر اور ویڈیوز بھی حذف کر دی ہیں جن میں پلاش موچل ان کے ساتھ نظر آ رہے تھے، حتیٰ کہ منگنی کی پروپوزل ویڈیو بھی سوشل میڈیا سے غائب کر دی گئی۔ سمریتی مندھنا اور میوزک کمپوزر پلاش موچل کی شادی 24 نومبر 2025 کو طے تھی، مگر تقریب سے محض چند گھنٹے قبل سمریتی کے والد کی اچانک طبیعت خراب ہو گئی اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنا پڑا، جس کے باعث شادی ملتوی کر دی گئی۔ اگلے ہی دن پلاش موچل کو بھی سینے میں درد اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہیں بھی اسپتال پہنچایا گیا۔ کئی روز تک شائقین اور میڈیا کے درمیان یہ بحث جاری رہی کہ آیا یہ شادی ہوگی یا نہیں، مگر بالآخر اتوار کے روز دونوں نے علیحدہ علیحدہ بیانات کے ذریعے واضح کر دیا کہ اب یہ رشتہ ختم ہو چکا ہے اور شادی منسوخ کر دی گئی ہے۔

شادی منسوخی کے اعلان کے فوراً بعد دونوں نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو ان فالو کر دیا۔ سمریتی نے اپنے اکاؤنٹس سے شادی اور پری ویڈنگ تقریبات سے متعلق تمام مواد ہٹا دیا، جبکہ اب پلاش موچل بھی ان تمام پوسٹس کو حذف کر رہے ہیں جن میں وہ سمریتی کے ساتھ دکھائی دیتے تھے، جن میں منگنی کی ویڈیو اور ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کی فتح کا جشن بھی شامل ہے۔ تاہم ان کے اکاؤنٹس پر چند پرانی پوسٹس اب بھی موجود ہیں، جن پر صارفین کی جانب سے سخت تنقیدی تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔ پلاش موچل نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں آگے بڑھنے اور ذاتی تعلقات سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی بے بنیاد افواہوں نے انہیں گہری تکلیف پہنچائی ہے، کیونکہ لوگ حقائق جانے بغیر رائے قائم کر لیتے ہیں۔ انہوں نے اسے اپنی زندگی کا مشکل ترین دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس آزمائش کو وقار کے ساتھ قبول کریں گے اور امید کرتے ہیں کہ معاشرہ بغیر تصدیق فیصلے سنانے سے قبل رکنا سیکھے گا۔ دوسری جانب سمریتی مندھنا نے بھی شادی کی منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ان کی ذاتی زندگی سے متعلق بہت سی قیاس آرائیاں کی گئیں، اس لیے اب حقیقت سامنے آنا ضروری تھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایک نجی زندگی گزارنے کو ترجیح دیتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ اس معاملے کو یہیں ختم کر دیا جائے۔سمریتی نے عوام سے درخواست کی کہ دونوں خاندانوں کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے اور انہیں سکون سے آگے بڑھنے دیا جائے۔ اپنے کیریئر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کا اصل مقصد ہمیشہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا رہا ہے، اور وہ مستقبل میں بھی بھارت کے لیے کھیلتی رہیں گی اور مزید کامیابیاں حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ آخر میں انہوں نے مداحوں کی محبت اور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب آگے بڑھنے کا وقت آ چکا ہے۔







Discussion about this post