انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پیر کے روز ایک اہم اعلان کرتے ہوئے بھارت کے ممتاز اسپورٹس براڈکاسٹر اور جیو اسٹار کے سینئر ایگزیکٹو سنجوگ گپتا کو اپنا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کر دیا ہے۔ وہ جیف ایلرڈائس کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جنہوں نے چار سالہ مدت کے بعد جنوری میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ سنجوگ گپتا اس سے قبل جیو اسٹار کے اسپورٹس اور لائیو ایونٹس کے چیف ایگزیکٹو کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کا شمار بھارت کے تجربہ کار میڈیا ماہرین میں ہوتا ہے، جنہوں نے کھیلوں کی نشریات، اسٹریٹجی اور کمرشل معاملات میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اس موقع پر کہا کہ "سنجوگ گپتا کھیلوں کی حکمت عملی اور تجارتی پہلوؤں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، جو آئی سی سی کے مستقبل کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔ ہمیں یقین ہے کہ ان کی قیادت میں کرکٹ ایک نئی عالمی بلندی تک پہنچے گی۔” آئی سی سی کے مطابق، اس کلیدی عہدے کے لیے دنیا کے 25 سے زائد ممالک سے 2500 سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں، جس سے اس عہدے کی اہمیت اور کشش کا اندازہ ہوتا ہے۔ ان میں سے سنجوگ گپتا کو منتخب کیا جانا ان کی صلاحیتوں کا عالمی اعتراف ہے۔ اپنے بیان میں سنجوگ گپتا نے کہا:
"یہ کرکٹ کے لیے نہایت پُرجوش وقت ہے۔ عالمی مقابلے مقبولیت کی نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، تجارتی امکانات تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور خواتین کی کرکٹ عالمی سطح پر بھرپور توجہ حاصل کر رہی ہے۔”
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کرکٹ کا 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں شامل ہونا اور ٹیکنالوجی کا بڑھتا ہوا کردار، اس کھیل کی عالمی سطح پر ترقی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔







Discussion about this post