اسلام آباد کی عدالت میں ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف قتل کیس میں اہم موڑ آگیا ہے، جب ملزم عمر حیات پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کی، جہاں عمر حیات کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ جج نے ملزم سے براہِ راست استفسار کیا: "ثنا یوسف کو آپ نے قتل کیا ہے، آپ اس بارے میں کیا کہتے ہیں؟” ملزم نے دلیرانہ انکار کرتے ہوئے کہا: "میں نے کوئی جرم نہیں کیا، یہ سب الزام جھوٹ پر مبنی ہیں۔” عدالت نے عمر حیات سے مزید پوچھا کہ "آپ پر الزام ہے کہ آپ نے ثنا یوسف کا موبائل فون بھی چھینا تھا، اس بارے میں آپ کیا کہیں گے؟” عمر حیات نے اپنے دفاع میں کہا: "یہ تمام الزامات بے بنیاد ہیں، میں نے نہ قتل کیا اور نہ ہی کوئی دیگر جرم سرزد کیا۔” آخرکار عدالت نے ملزم پر فردِ جرم عائد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ عمر حیات کے خلاف تھانہ سنبل میں قتل کا مقدمہ درج ہے، جس میں الزام ہے کہ ملزم نے ثنا یوسف کے گھر میں گھس کر اسے فائرنگ کر کے قتل کیا۔








Discussion about this post