پاکستان کے متنازع یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر اپنی دولت کی نمائش کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی کڑی تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔ اس بار تنقید کی وجہ ان کی بھانجی آیت زہرا کے عقیقے کی تقریب بنی، جس میں بے تحاشا پیسہ فضا میں نچھاور کیا گیا اور زمین پر بکھرے نوٹوں کو پیروں تلے روندتے ہوئے دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں رجب بٹ، ان کی اہلیہ ایمان اور دیگر فیملی ممبرز کو خوشی کے اظہار کے طور پر بچی پر نوٹوں کی بارش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم زمین پر بکھرے نوٹوں کو جوتوں تلے آتے دیکھ کر صارفین کا پارہ چڑھ گیا۔ایک صارف نے لکھا:
"اگر یہ پیسہ حلال کا ہوتا تو اس طرح زمین پر نہ پھینکا جاتا، یہ عقیقہ نہیں، محض ایک تماشا ہے۔” جبکہ دیگر صارفین نے اس عمل کو "پیسوں کی توہین” اور "غریبوں کے منہ پر طمانچہ” قرار دیا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ جب ملک میں مہنگائی کے سبب لاکھوں لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، ایسے میں پیسوں کی یہ نمائش معاشرتی بے حسی اور طبقاتی تفریق کو بڑھا رہی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب رجب بٹ اپنی پرتعیش زندگی اور مہنگی تقریبات کی وجہ سے تنقید کا سامنا کر رہے ہیں۔ ماضی میں بھی وہ قیمتی گاڑیوں، گھر، مہنگی شاپنگ اور ولاگز میں دکھائی گئی شاہانہ زندگی کے باعث خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں۔ نئے فیملی ولاگ میں بھی عقیقے کی تقریب کو تفصیل سے دکھایا گیا ہے، جس میں نوٹوں کی گڈیوں کو فضا میں اچھالتے مناظر شامل ہیں۔ کچھ مداحوں نے اسے ثقافتی جشن کا حصہ قرار دیا، مگر بڑی تعداد نے اسے سماجی ذمہ داری کے منافی قرار دیا۔ ایک ناراض صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا: "یہ وہی لوگ ہیں جو ولاگز میں عاجزی دکھاتے ہیں، اور تقریبات میں بے دریغ دولت لٹاتے ہیں جیسے مہنگائی یا متوسط طبقے کی مشکلات کا کوئی احساس ہی نہیں۔” رجب بٹ اور ان کے ولاگز جہاں ایک طرف لاکھوں ناظرین کو تفریح فراہم کرتے ہیں، وہیں دوسری جانب اکثر متنازع پہلوؤں کے باعث انہیں سخت ردِ عمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
Discussion about this post