پنجاب کے آسمانوں پر موسم نے اپنی طاقت کا پہلا اعلان کر دیا ہے اور صوبے میں بارش کا ایک نیا سلسلہ داخل ہو چکا ہے، جو آنے والے دنوں میں ہر علاقے میں محسوس کیا جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بادل چھا جائیں گے اور آج کا دن دھند، فوگ اور ہلکی ہوا کے ساتھ گذرے گا کیونکہ سسٹم ابھی اپنی پوری شدت میں نہیں پہنچا۔ ماہرین موسمیات کے پیش گوئی کے مطابق کل لاہور اور صوبے کے دیگر علاقوں میں ہلکی بارش کے امکانات روشن ہیں۔ اس بارش کے ساتھ خشک موسم کی شدت کم ہوگی اور نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار جیسی بیماریاں بھی کافی حد تک کم ہونے کا امکان ہے، جس سے شہریوں کو راحت اور سکون میسر آئے گا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا ہے کہ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے، خاص طور پر راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں موسم کی یہ شدت زیادہ محسوس ہوگی۔

مزید برآں 20 سے 21 دسمبر کے دوران لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گجرانوالہ، منڈی بہاالدین، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بارش کے بعد دھند اور اسموگ کی شدت میں کمی آئے گی، تاہم احتیاط لازم ہے۔ انہوں نے ماسک استعمال کرنے اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم میں حالات کی نگرانی چوبیس گھنٹے جاری ہے اور مری میں سیاحوں کے لیے سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ہنگامی صورتحال میں شہری 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ یہ بارش کا سلسلہ نہ صرف موسم کو خوشگوار بنائے گا بلکہ شہریوں کی صحت، قدرتی ماحول اور روزمرہ زندگی میں سکون اور تازگی کا پیغام بھی لے کر آئے گا۔







Discussion about this post