نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 26 جون سے 7 جولائی 2025 تک جاری بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق، 12 روز کے دوران ملک بھر میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 79 افراد جاں بحق ہوئے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ریکارڈ ہوئیں جہاں 29 افراد جان سے گئے۔ پنجاب میں 24، سندھ میں 15 اور بلوچستان میں 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق، حالیہ بارشوں کے نتیجے میں 140 افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں 57 بچے، 48 مرد اور 35 خواتین شامل ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ملک بھر میں 66 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 123 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
مون سون بارشوں کی صوبہ پنجاب میں صورتحال
ادھر، صوبہ پنجاب میں مون سون کی بارشوں کے حوالے سے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بھی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق:
-
شیخوپورہ میں سب سے زیادہ 48 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی
-
لاہور میں 40 ملی میٹر
-
گوجرانوالہ میں 6 ملی میٹر
-
مری میں 5 ملی میٹر
-
فیصل آباد میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی
جبکہ سیالکوٹ میں 2 ملی میٹر اور منڈی بہاؤالدین میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔
بارش کا سلسلہ اٹک، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولنگر، قصور اور بہاولپور میں بھی جاری رہا۔
مزید بارشوں کی پیش گوئی
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ مون سون کا موجودہ سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔







Discussion about this post