بلوچستان کے علاقے سنجیدی ڈیگاری میں خاتون اور مرد کے اندوہناک قتل کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کوئٹہ کی عدالت نے مقتولہ خاتون کی قبر کشائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں ڈیگاری کے علاقے میں مقتولہ کی قبر کشائی کا عمل جاری ہے، جس کا مقصد کیس کی تفتیش میں مزید شواہد حاصل کرنا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں چند مسلح افراد کو ایک نامعلوم مقام پر خاتون اور مرد پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ویڈیو کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور معاملے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو غیر مصدقہ طور پر عیدالاضحیٰ کے قریب بنائی گئی ہے، تاہم اب تک مقتولین کی لاشیں برآمد نہیں ہو سکیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (CTD) اور پولیس نے مشترکہ کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ حکام کے مطابق واقعے میں قتل کیے جانے والے مرد و خاتون نے مبینہ طور پر پسند کی شادی کی تھی، جس پر اُن کے خاندان ناراض تھے۔
جرگے کے فیصلے کے بعد انہیں ایک ویران مقام پر لے جا کر قتل کر دیا گیا۔ اس افسوسناک واقعے نے ایک بار پھر بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل جیسے گھمبیر مسئلے کو اجاگر کر دیا ہے، اور انسانی حقوق کے حلقے اس پر شدید ردِعمل دے رہے ہیں







Discussion about this post