برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں پاکستان ہائی کمیشن میں پاکستان سپر لیگ 2025 کی چیمپیئن ٹیم لاہور قلندرز کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی میزبانی پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کی۔ تقریب میں سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ایس ایل کے بانی چیئرمین نجم سیٹھی، سینئر صحافی اور سماجی رہنما جگنو محسن، لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمین رانا، ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، بین الاقوامی کرکٹرز ٹام کرن اور سیم بلنگز کے ساتھ ساتھ ہائی کمیشن کے افسران اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے تقریب سے خطاب میں لاہور قلندرز کو پی ایس ایل 2025 کا ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ:
"پاکستان سپر لیگ نے نہ صرف ملکی کرکٹ کو عالمی سطح پر روشناس کرایا ہے بلکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا شاندار پلیٹ فارم بھی فراہم کیا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز کی کامیابی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ پاکستان کا ٹیلنٹ کسی سے کم نہیں، بس اسے موقع اور اعتماد درکار ہے۔ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے شاندار میزبانی پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ:
"ڈاکٹر محمد فیصل اور ان کی ٹیم نے جس محبت اور وقار کے ساتھ لاہور قلندرز کو خوش آمدید کہا، وہ قابلِ تحسین ہے۔”

انہوں نے اس موقع پر پی ایس ایل کے آغاز اور اس کی ترقی میں درپیش چیلنجز اور کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ لاہور قلندرز کے سی او او سمین رانا نے بھی خطاب کرتے ہوئے ہائی کمیشن کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ تقریب نہ صرف ٹیم کے حوصلے کی عکاس ہے بلکہ بیرونِ ملک موجود پاکستانی کمیونٹی کی محبت کا ثبوت بھی ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے لاہور قلندرز کی ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں، اور پاکستان کرکٹ کی ترقی و کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔







Discussion about this post