وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پسرور چھاؤنی سیالکوٹ کا دورہ کیا ہے اور اس دوران بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں شریک افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی ہے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیرِ اعظم کے ساتھ وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال اور عطاء تارڑ بھی پسرور چھاؤنی پہنچے۔
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے بھارت کی بلاجواز جارحیت کا انتہائی جرأتمندانہ اور مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ یہ گواہی دے گی کہ کس طرح چند گھنٹوں میں ہمارے محافظوں نے دشمن کی مذموم کارروائیوں کو ناکام بنایا اور وطنِ عزیز کا مثالی دفاع کیا۔ شہباز شریف نے معصوم شہریوں پر حملوں کو عالمی قوانین، اصولوں اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور ایسے اقدامات کو شرمناک قرار دیا۔
انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص میں فوجی جوانوں کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ قربانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔وزیرِ اعظم نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ دنوں میں پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران و جوانوں سے بھی ملاقات کے لیے ایئر بیسز اور نیول بیسز کا دورہ کریں گے۔
Discussion about this post